Time 12 نومبر ، 2023
دنیا

شاید صبح تک ہم سب مارے جائیں، سربراہ الشفا اسپتال کاپیغام پڑھ کر برطانوی ڈاکٹر آبدیدہ

احتجاج میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز کی جانب سے بھرپور نعرے لگائے گئے/ سوشل میڈیا
احتجاج میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز کی جانب سے بھرپور نعرے لگائے گئے/ سوشل میڈیا

غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی بمباری روکنے کیلئے ہونے والے احتجاج کے دوران برطانوی ڈاکٹر الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کا پیغام پڑھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک بار  پھر اسپتالوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید ہوگئے ہیں تاہم اب صیہونی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا سے فلسطینیوں کے انخلا میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اسپتالوں پر بمباری روکنے کیلئے برطانیہ کے ڈاکٹرز بھی میدان میں آگئے ہیں اور انہوں نے برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور بمباری رکوانے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسی دوران ایک بہت ہی جذباتی منظر بھی دیکھنے میں آیا، احتجاج میں موجود ایک خاتون ڈاکٹر نے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کا میسج پڑھ کر سنانا چاہا لیکن دل خراش میسج پڑھ کر وہ سب کے سامنے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسرائیلی بربریت پر ان کی آنکھیں بھر آئیں۔ 

ہمت کرکے انہوں نے پیغام پڑھ کر سنایا کہ جس میں لکھا تھا ’ہم میڈیکل اسٹاف زندہ رہنا چاہتے ہیں لیکن ہم نہیں رہ سکتے اور ہو سکتا ہے صبح تک ہم سب مارے جائیں، ہم یہاں قتل نہیں ہونا چاہتے ہم اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہتے ہیں، برائے مہربانی آپ لوگ ہمارے لیے کچھ کریں، جو ہوسکتا ہے اپنی حکومت سے بات کریں، عالمی اداروں سے کہیں کہ مدد کیلئے سامنے آئیں‘۔

خاتون ڈاکٹر کی یہ ویڈیو انٹرنیشنل میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں خاتون ڈاکٹر سمیت احتجاج میں موجود دیگر ڈاکٹرز کو بھی روتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ احتجاج میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز کی جانب سے بھرپور نعرے لگائے گئے۔


مزید خبریں :