12 نومبر ، 2023
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ بھارت سے دبئی کیلئے روانہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم سمیت 11 ارکان کا پہلا گروپ اتوار کی صبح کولکتا سے دبئی روانہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح کولکتا سے دبئی روانہ ہونے والے اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، افتخار احمد، حارث رؤف اور دیگر شامل تھے۔
بعد ازاں اتوار کی رات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا 22 ارکان پر مشتمل دوسرا گروپ کولکتا سے دبئی کے لیے روانہ ہوگیا، اسکواڈ کے ارکان میں شاہین آفریدی، امام الحق، سلمان آغا، محمد نواز اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کے ارکان میں کوچنگ اسٹاف بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکواڈ کے ارکان دبئی سے اپنے شہروں کو روانہ ہوں گے، کھلاڑی مختلف فلائٹس سے کل پاکستان پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ میں 9 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔