Time 13 نومبر ، 2023
کھیل

رچن رویندرا نے ٹنڈولکر اور بابر اعظم سے کونسا اعزاز چھین لیا؟

فوٹو آئی سی سی
فوٹو آئی سی سی

نیوزی لینڈ کے نوجوان بیٹر رچن رویندرا نے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو  ایک ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنا کر  پیچھے چھوڑ دیا۔

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کا لیگ مرحلہ ختم ہو چکا ہے اور سیمی فائنل کی چار ٹیمیں فائنل ہو چکی ہیں۔ جنوبی افریقا کی ٹیم آسٹریلیا سے ٹکرائے گی جبکہ بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے 9 میچز میں 594 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ دوسرا نمبر جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک جو اب تک 591 رنز کر چکے ہیں اور اس فہرست میں تیسرا نمبر حال ہی میں پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے 23 سالہ نوجوان بیٹر رچن رویندرا کا ہے جن کے ٹورنامنٹ میں مجموعی رنز 565 ہیں۔

اب آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس کے ساتھ ایک کیپشن بھی تحریر ہے جس میں لکھا ہے کہ بلاک میں ایک نئے بچے کا اضافہ، رچن رویندرا ورلڈکپ 2023 سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں بتایا گیا ہے کہ ایک ورلڈکپ سیزن میں 25 سال سے کم عمر بیٹرز کی فہرست میں رچن رویندرا نے سچن ٹنڈولکر اور بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے 1996 کے ورلڈکپ میں 523 رنز اسکور کیے تھے جبکہ بابر اعظم نے 2019 کے ورلڈکپ میں 474 رنز بنائے تھے تاہم رچن رویندرا ورلڈکپ 2023 میں اب تک 565 رنز بنا چکے ہیں۔

مزید خبریں :