14 نومبر ، 2023
اسرائیلی فوج نے حماس کی قید میں موجود اسرائیلی خاتون فوجی نوا مارسیانو کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے حماس کی قید میں19 سالہ خاتون فوجی کارپورل نوا مارسیانو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو اطلاع کر دی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس ملٹری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اسرائیلی خاتون فوجی کے اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے کا اعلان کیا تھا۔
اسرائیلی خاتون فوجی نوا مارسیانو کو 7 اکتوبر کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
حماس کے عسکری ونگ نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون فوجی نوا مارسیانو 9 نومبر کو اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوئیں، تاہم اس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق نوا مارسیانو ان تقریباً 240 یرغمالیوں میں سے ایک تھیں جنہیں حماس نے گزشتہ ماہ حملے کے دوران یرغمال بنایا تھا۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں 11 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے مطابق اسی عرصے کے دوران 46 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ7 اکتوبر سے اب تک حماس نے 4 مغویوں کو رہا کیا ہے جبکہ اسرائیلی ڈیفنس فورس نے ایک کو بازیاب کرایا ہے۔