15 نومبر ، 2023
بالی وڈ کی اسٹائلش اور سپر اسٹار اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے شوہر اور بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان سے شادی کرنے کی وجہ بتادی۔
کرینہ کپور نے حال ہی میں فیشن میگزین ’ڈرٹی‘ کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے کچھ اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی، بیبو کہلائی جانے والی اداکارہ نے اس میگزین کے سرورق کے لیے فوٹوشوٹ بھی کروایا۔
انٹرویو میں کرینہ کپور نے انکشاف کیا کہ 'میرے اور سیف کی شادی کرنے کی واحد وجہ یہ تھی کہ ہمیں بچے چاہیے تھے'۔
کرینہ نے بتایا 'میں اور سیف شادی سے قبل لیو اِن ریلیشن شپ میں تھے، یعنی ساتھ ہی رہتے تھے، جب ہم نے اگلا قدم اٹھانے کا سوچا جو کہ شادی تھا تو اس کی وجہ یہ ہی تھی کہ ہم بچوں کے خواہشمند تھے ورنہ ہم ایسے بھی رہ سکتے تھے'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتی تھی کہ اپنی زندگی اپنے بچوں کے سامنے گزاروں، میں اپنا ہر کام ان کے ساتھ کرنا چاہتی ہوں'۔
کرینہ نے یہ بھی کہا کہ 'اب میں اپنی خاندانی زندگی میں سکون چاہتی ہوں اور دوسروں سے ملاقات وغیرہ کا اب کوئی شوق نہیں، میری زندگی شوہر اور بچوں کے گرد گھومتی ہے اور ان ہی کے ساتھ بے حد خوش بھی ہوں'۔
کرینہ کپور نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگرچہ وہ 43 برس کی ہوچکی ہیں اور وہ دو بچوں کی ماں ہیں لیکن اس کے باوجود وہ آج بھی خوبرو اور پرکشش ہیں۔