Time 17 ستمبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

شادی احترام کا رشتہ ہے، عمر اور عقیدے سے فرق نہیں پڑتا: کرینہ کپور

کوئی نہیں کہے گا کہ وہ 53 سال کے ہوگئے ہیں، عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ احترام اور محبت ہے: کرینہ کپور__فوٹو: فائل
کوئی نہیں کہے گا کہ وہ 53 سال کے ہوگئے ہیں، عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ احترام اور محبت ہے: کرینہ کپور__فوٹو: فائل

بالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ شادی میں عمر اور  مذہب سے فرق نہیں پڑتا، رشتے میں عزت ہونی چاہیے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کرینہ کپور نے اپنی عمر سے بڑے سیف علی خان سے شادی کے بعد سے اب تک سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے متعلق گفتگو کی۔

اداکارہ نے کہا 'عمر کی کیا اہمیت ہے؟ سیف پہلے سے زیادہ خوبصورت نظر آتے ہیں، میں خوش ہوں کہ میں ان سے 10 سال چھوٹی ہوں، انہیں فکر مند ہونا چاہیے'۔

کرینہ کپور نے کہا کہ 'کوئی نہیں کہے گا کہ وہ (سیف) 53 سال کے ہوگئے ہیں، عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ احترام اور محبت ہے اور حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوش ہیں'۔

اس کے علاوہ بالی وڈ اداکارہ نے  سیف علی خان اور اپنے مختلف مذاہب کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ لوگ میرے اور سیف کے مختلف مذہب اور ہمارے درمیان عمر کے فرق پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ’سیف اور میرے درمیان سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی کمپنی سے لطف اندوز ہوتے ہیں، اس سے فرق کیوں پڑنا چاہیے کہ وہ کس عقیدے کو مانتا ہے یا ا ن کی عمر کیا ہے؟ یہ بحث کا موضوع نہیں ہونا چاہیے‘۔

واضح رہے کہ سیف اور کرینہ کپور کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، اداکار سیف علی خان کی عمر 53 برس جب کہ کرینہ 44 برس کی ہیں۔

جوڑے کے ہاں دو بچے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔

اس سے قبل سیف نے 1991 میں اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی، امریتا سیف سے 13 سال بڑی تھیں، ان کے دو بچے اداکارہ سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں تاہم سیف اور امریتا سنگھ کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :