15 نومبر ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابرا عظم سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لے لی گئی ہے البتہ انہیں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کی پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور کپتان بابر اعظم سے لاہور میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے نیا کپتان لانے کا بتا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بابر سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لے لی گئی جبکہ انہیں صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں کپتان کون ہوگا اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے کوچز کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچز کو بھی بتا دیا گیا ہےکہ نیا کوچنگ اسٹاف لایا جائے گا، البتہ ان کی خدمات دوسرے شعبوں میں لی جاسکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر سمیت تمام کوچز کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی بری پرفارمنس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے پوسٹ مارٹم کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ کے دوران ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ بولنگ کوچ مورنی مورکل بھی چند روز قبل عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔