15 نومبر ، 2023
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے متعلق قریبی لوگوں سے مشاورت مکمل کر لی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات کے لیے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے ہیں۔
بابر اعظم چیئرمین پی سی بی کو ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور اپنی کپتانی کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بابر اعظم نے ذکا اشرف سے ملاقات سے قبل اپنے قریبی لوگوں سے ٹیم کی کپتانی سے متعلق مشاورت بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ایک فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں، بابر اعظم کو صرف ایک فارمیٹ ریڈ بال کی کپتانی کا کہا گیا تو وہ کپتانی سے ہی دستبردار ہو جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بابر اعظم نے واٹس ایپ میسیجز لیک ہونے کے معاملے پر بھی اپنے قریبی لوگوں سے قانونی مشاورت کی، بابر اعظم واٹس ایپ میسجز لیک ہونے پر قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی بری پرفارمنس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے پوسٹ مارٹم کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ کے دوران ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ بولنگ کوچ مورنی مورکل بھی چند روز قبل عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین تمام غیر ملکی کوچز کو ہٹا کر ان کی جگہ سابق قومی کرکٹرز کو عہدے دینے کا سوچ رہی ہے اور اس حوالے سے ذکا اشرف کی سابق قومی کرکٹرز سے ملاقاتیں بھی جاری یں۔