Time 15 نومبر ، 2023
کھیل

شان مسعود ٹیسٹ اور شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی کےکپتان مقرر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے دونوں فارمیٹ کے نئے کپتانوں کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق شان مسعود کو  پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ون ڈے ٹیم کےکپتان کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔

34 سالہ شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 4 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے 1597 رن بنائے ہیں۔

شان مسعود کو آئی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کے اختتام تک قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز  ہے جو 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔

دوسری جانب لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری 12 سے 21 جنوری تک نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز  ہوگی۔

شاہین آفریدی 52  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 64  وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور  ان کی قیادت  میں لاہور  قلندرز  نے پی ایس ایل ٹرافی لگا تار دو سال 2022 اور 2023میں جیتی ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار  ہوگئے جس کے بعد نئےکپتانوں کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بابر کو  صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنےکی پیشکش کی گئی تھی تاہم بابر نے انکار کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔

بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا،کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے۔

بابر اعظم نےکہا کہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی پرفارمنس جاری رکھوں گا، نئےکپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ کروں گا، اس ذمہ داری کے لیے اعتماد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ۔

مزید خبریں :