16 نومبر ، 2023
ایندھن ختم ہونے سے غزہ کی پٹی میں ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔
غزہ میں کام کرنے والی دونوں ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام ٹیلی کام سروسز ایندھن نہ ہونے کے باعث بند ہوچکی ہیں۔
یہ پہلی بار نہیں جب غزہ میں کمیونیکیشن سسٹم بند ہوا ہے، اس سے قبل 2 بار ایسا ہوچکا ہے۔
مواصلاتی نظام کی بندش سے ایمبولینسوں سے رابطہ کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔
فلسطین میں کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے کے مطابق غزہ میں مکمل کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہوچکا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ غزہ میں ایک بار پھر ٹیلی کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہوچکا ہے اور اس کی وجہ ایندھن نہ ہونا ہے۔
واضح رہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے 15 نومبر کو ہی بتا دیا گیا تھا کہ ایندھن کی سپلائی نہ ہونے کے باعث مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند ہوجائے گا۔
مواصلاتی نظام کی بندش سے غزہ میں لوگوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔