17 نومبر ، 2023
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی فلسطین کے حق میں ایک جیسی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے دو روز قبل لاہور میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف سے ملاقات کے بعد قومی ٹیم کی کپتان سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ اور ون ڈے کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بتایا کہ بطور کھلاڑی پاکستان کے لیے کھیلتا رہوں گا۔
اب قومی بیٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں ایک بچی ملبے پر بیٹھی ہے اور اس کے ہاتھ میں فلسطین کا جھنڈا جبکہ گود میں کھلونا ہے۔
بابر اعظم نے یہ تصویر شیئر کرنے کے ساتھ کیپشن میں ایک شعر بھی تحریر کیا۔
یہی پوسٹ کچھ دیر بعد پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے بھی شیئر کی گئی۔
یاد رہے کہ محمد رضوان نے ورلڈکپ کے دوران بھی فلسطین کے حق میں ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
قومی کرکٹرز کی سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پوسٹ بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری بمباری میں اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جس میں ساڑھے 4 ہزار سے زائد بچے اور 3 ہزار کے قریب خواتین شامل ہیں۔