17 نومبر ، 2023
اداکارہ صبا قمر نے اعتراف کیا ہے کہ اگر احسن خان شادی شدہ نہ ہوتے تو وہ ان سے شادی کرلیتیں۔
اداکارہ صبا قمر نےحال ہی میں احسن خان کے ساتھ کی جانے والی گفتگو میں ان کی فین ہونے حتیٰ کہ ان کو پسند کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
دوران گفتگو احسن خان نے انکشاف کیا کہ صبا کسی کی محبت میں گرفتار ہیں جس پر صبا نے اپنے پسندیدہ شخص کا نام یا دیگر تفصیلات بتانے کے بجائے صرف ہنسنے پر اکتفا کیا۔
احسن خان نے بتایا کہ وہ اور صبا 15 سالوں سے اچھے دوست ہیں اور دونوں کے درمیان کیمسٹری اتنی اچھی ہے کہ انہیں ایک ساتھ ایکٹنگ کے دوران زیادہ ری ٹیک کی ضرورت بھی نہیں پڑتی کیوں کہ دونوں ایک دوسرے کی نظروں کوبھی پڑھ لیتے ہیں۔
اسی دوران احسن خان نے صبا قمر سے سوال کیا کہ اگر صبا کو انڈسٹری میں کوئی ایک ایسا اداکار منتخب کرنے کیلئے کہا جائے جس کی شادی نہ ہوئی ہوتی تو وہ اس سے شادی کرلیتیں؟
اس پر صبا نے احسن خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پسندیدگی کا اظہار کیا جس پر احسن خان نے حیرانی کے ساتھ ساتھ خوشی کا بھی اظہار کیا۔
صبا قمر نے بتایا کہ وہ اداکارہ بننے سے قبل حسن خان کی بہت بڑی فین تھیں، ان کا نمبر کسی سے حاصل کرنے کے بعد انہیں بار بار مس کالز دیتی تھیں اور میسج کرتی تھیں کہ ایک دن وہ دونوں ساتھ ہوں گے اس کے بعد جب احسن خان کے ساتھ شوبز میں کام کیا تو احسن سے لڑائی ہوگئی جس کے بعد احسن مجھے زہر لگنے لگے لیکن بعد میں احساس ہوا کہ احسن عادتاً ایک ایسے ہی شخص ہیں تو احسن سے اور پیار ہوگیا، اس کے بعد احسن کی زندگی میں فاطمہ آگئیں اور انہوں نے شادی کرلی۔