17 نومبر ، 2023
اسرائیل نے اس جمعے کو بھی فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ نہ ادا کرنے دی ،نمازیوں نے مسجد کےاحاطے میں نماز پڑھی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی جانب جانے والے اہم راستوں اور گزرگاہوں کو بند کر دیا تھا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کی سخت پابندیوں کے باعث مسجد اقصیٰ میں جمعہ کی نماز میں صرف 4 ہزار کے قریب نمازی شامل ہو سکے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سینکڑوں نمازیوں کو مسجد اقصیٰ جانے والے راہداریوں پر نماز جمعہ ادا کرنی پڑی۔
عرب میڈیا کے مطابق سڑکوں اور راہداریوں میں نماز پڑھنے والوں پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے وحشیانہ تشدد اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے اور دیگرعلاقوں سے آنے والے نمازیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کی جانب جانے والی ہائی وے پر نماز جمعہ ادا کی۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری جاری ہے اور اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اسکولوں، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کر کے فلسطینیوں کو شہید کیا جبکہ مغربی کنارے اور خان یونس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی اسرائیل کی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔