17 نومبر ، 2023
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہےکہ ہم غزہ پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتے اور یہ ہمارا مقصد نہیں ہے جب کہ ہمارے پاس الشفاء اسپتال میں یرغمالیوں کو رکھے جانے کے ٹھوس شواہد تھے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس ٹھوس شواہد تھے کہ حماس نے الشفاء اسپتال میں یرغمالیوں کو رکھا ہوا ہے، ان ہی ٹھوس شواہد کی بنا پر اسرائیلی فوج اسپتال میں داخل ہوئی لیکن اسرائیلی فوجیوں کے پہنچنے سے پہلےحماس رہنما الشفاء اسپتال سے نکل گئے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے انٹرویو کے دوران اپنی حکومت کے پاس یرغمالیوں کے حوالے سے انٹیلی جنس اطلاعات کا دعویٰ کیا لیکن انہوں نے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔
یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق ڈیل کے سوال پر نیتن یاہو نے کہا کہ ہم زمینی آپریشن شروع کرنے سے پہلے اس ڈیل کے قریب تھے لیکن اسرائیلی فوج کے زمینی آپریشن نے حماس پر سیز فائر کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے یرغمالوں کو واپس لاسکتے ہیں تو ہم عارضی طور پر سیز فائر کریں گے لیکن میں نہیں سمجھتا یہ میرے مقصد کو پورا کرے۔
نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی رہائی بدلے میں فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے اسے خفیہ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کم سے کم عام شہریوں کے جانی نقصان کے ساتھ حماس کا صفایا کرنے کی کوشش کررہا ہے، چاہتے تھے غزہ جنگ میں کم سےکم جانی نقصان ہو مگرکامیاب نہیں ہوئے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا ہم غزہ پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتے، یہ ہمارا مقصد نہیں ہے، ہمارا مقصد غزہ کو عسکریت اور انتہا پسندی سے پاک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس سے نمٹنے کے لیے دوبارہ کوئی ناکام حکمت عملی نہیں اپنائی جائے گی اور فلسطینیوں کی حماس سے آزادی ہی انہیں حقیقی مستقبل فراہم کرے گی۔