Time 17 نومبر ، 2023
کاروبار

ایف بی آر کا ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنیوالوں کے بجلی اور گیس کے کنکشن کاٹنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریو نیو  (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے بجلی اور گیس کے کنکشن کاٹے جائیں گے  اور موبائل فون کی سمیں بھی بلاک کی جائیں گی۔

ایف بی آر کے مطابق پہلے مرحلے میں غیر رجسٹر افراد کو نوٹس جاری کیےجائیں گے، نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کی سم بلاک اور بجلی و گیس کے کنکشنز کاٹے جائیں گے ۔

فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نےاگلے سال جون تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان ٹیکس نیٹ میں لانے کی منصوبہ بندی کر لی اور نادرا نے تعاون کی یقین دہانی بھی کروا دی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جون2024 تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس بنیاد وسیع کرنے کےلیے پورے ملک میں گریڈ 17 کے افسروں کی سربراہی میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفسز قائم کر دیے گئے ہیں۔

اس اقدام سے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو مطلوبہ سطح تک بڑھایا جائے گا، ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بارے میں تھرڈ پارٹی ڈیٹا حاصل اور استعمال کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق اس ڈیٹا کی بنیاد پر نان فائلرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مختلف ادارے اور محکمے خودکار ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

ایف بی آر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نادرا نے ایف بی آر کو ڈیٹا انٹگریشن کے ذریعے مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید خبریں :