01 نومبر ، 2023
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔
ایف بی آر نے مالی سال کے 4 ماہ میں 37 فیصد اضافے سے 2 ہزار 748 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے۔گزشتہ سال اسی عرصے میں 2 ہزار 159 ارب روپے کے محصولات حاصل ہوئے تھے۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2 ہزار 682 ارب روپے تھا، ایف بی آر نے اپنے ہدف سے 66 ارب روپے زیادہ اکٹھے کیے۔
اعلامیے کے مطابق ایف بی آر نے اکتوبر میں 707 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے، اکتوبر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 516 ارب روپے تھا۔
اس کے علاوہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 158 ارب روپے کے ری فنڈ ادا کیے۔
اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران تقریباً 29 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے۔
گزشتہ سال مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 25 لاکھ70 ہزار افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے تھے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کمشنرز کو درخواست دینے پر گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا اختیار ہو گا، انکم ٹیکس کمشنر صرف درخواست دینے کی صورت میں ہی توسیع دینے کے مجاز ہوں گے۔