Time 18 نومبر ، 2023
دنیا

القسام بریگیڈز نے یرغمالیوں کو الشفا اسپتال میں رکھنےکا اسرائیلی الزام مسترد کردیا

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران اسرائیل سے یرغمال بنائے گئے افراد کو الشفا اسپتال میں رکھنے سے متعلق اسرائیلی الزامات مسترد کردیے۔

القسام بریگیڈز کا کہنا تھا کہ صیہونی الزامات کو مسترد کرتے ہیں، یرغمالیوں کو اسپتال میں نہیں رکھا گیا تھا بلکہ کچھ یرغمالیوں کی خرابی صحت کے باعث ان کی جانیں بچانے کیلئے انہیں وہاں علاج کیلئے لے جایا گیا تھا۔

اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے حماس پر الشفا اسپتال کے بطور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر استعمال اور سویلین مقامات کو اپنے عسکری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم حماس اور الشفا اسپتال کی انتظامیہ دونوں ہی کی جانب سے اسرائیلی الزامات مسترد کردیے گئے تھے۔

بعد ازاں کئی روز کے محاصرے کے بعد گزشتہ دنوں اسرائیلی افواج نے الشفا اسپتال پر چڑھائی کردی اور اسپتال کے مختلف حصوں کو بموں سے تباہ کردیا تھا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے الشفا اسپتال پر چڑھائی کے بعد ایسی ویڈیوز  جاری کی گئی تھیں جن میں اسپتال کے اندر مختلف وارڈوں میں رکھا اسلحہ، بارود اور بلٹ پروف جیکٹیں دکھا کر انہیں  حماس کا اسلحہ اور عسکری ساز و سامان بتایا جا رہا تھا۔

سوشل میڈیا سائٹوں پر اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز پر صارفین کے تابڑ توڑ سوالات کے بعد اسرائیل نے مجبور ہوکر اپنی جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دی تھیں تاہم اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس کے کمانڈروں نے الشفا اسپتال سے ایک سرنگ کا پتا لگا لیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی الشفا اسپتال پر چڑھائی کے بعد اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے مریضوں اور بے گھر ہوکر پناہ کی تلاش میں بھٹکتے ہزاروں فلسطینیوں سے بھرے الشفا اسپتال کا آپریشن جاری رہنے سے متعلق تحفظات پر بین الاقوامی برادری کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کی القسام بریگیڈ کے اسرائیل میں طوفان الاقصیٰ آپریشن کے بعد بین الاقوامی برادری کے تمام تر تحفظات اور دنیا بھر سے کروڑوں لوگوں کے جنگ بندی کے مطالبات کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آ سکی ہے۔

اسرائیلی افواج کے زمینی اور فضائی حملوں سے اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے ہے جبکہ بزرگوں کی بڑی تعداد بھی شہید اور زخمیوں میں شامل ہے۔

مزید خبریں :