18 نومبر ، 2023
لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں اسموگ کی روک تھام کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
پنجاب کے شہر لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور،گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس دوران نقل و حرکت کو محدود کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فضائی آلودگی کے سبب لاہور میں تعلیمی ادارے بند کردیے گئے جب کہ قصور میں شہریوں نے پنجاب حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔
حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ نے انسداد اسموگ ایکٹ کے تحت کارروائیاں کیں اور اب تک دھواں چھوڑنے والی 1300 سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکل رکشوں کو بندکرکے 50 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کیے جاچکے ہیں۔
واضح رہےکہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 10 اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں بند رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے جب کہ بازار، دکانیں،جم، سنیما گھر اور دفاتر 3 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔