18 نومبر ، 2023
اسرائیل کے جھوٹے دعوؤں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوٹ گئی، مغربی میڈیا بھی اسرائیل کے پول کھولنے لگا۔
مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے جبکہ اسرائیل کا یہ دعویٰ کئی مرتبہ جھوٹا ثابت ہو چکا ہے کہ وہ حماس کے ٹھکانوں پر حملے کر رہا ہے۔
اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا پر حملے کا یہ جواز پیش کیا کہ اس کے نیچے حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ہے تاہم برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اس دعوے کی قلعی کھول دی۔
بی بی سی نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیل نے اکتوبر کے اوائل میں ایک اینی میشن جاری کی تھی جس میں دعویٰ کیا تھا کہ الشفا اسپتال کے نیچے حماس کی سرنگیں ہیں تاہم اسرائیل اس اسپتال پر قبضے کے باوجود یہ سرنگیں نہیں دکھا سکا۔
اسرائیل بی بی سی اور فوکس نیوز کو مقبوضہ اسپتال لے گیا وہاں جس فوجی نے ویڈیو بنائی اس کی گھڑی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ویڈیو بی بی سی کو بلانے سے صرف دو گھنٹے پہلے بنائی گئی۔ ویڈیو میں ایک جگہ ایک گن دکھائی گئی جب بی بی سی والے پہنچے تو یہاں موجود بندوقیں دو ہو گئیں، یہ ویڈیو اسرائیل نے پہلے پوسٹ کی، پھر ڈیلیٹ کی اور پھر پوسٹ کر دی۔
اسرائیل نے جو بھی اسلحہ دکھایا اس سے بھِی یہ طے نہیں ہوتا کہ یہ حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تھا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی کا دعویٰ بھِی جھوٹا نکلا جس میں انھوں نے اسرائیل کی تائید کرتے ہوئے کہا تھا کہ الشفا اسپتال میں حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا ایک شعبہ موجود تھا۔