Time 19 نومبر ، 2023
کھیل

بھارتی کمپنی کا ورلڈکپ جیتنے کی صورت میں 100 کروڑ روپے تقسیم کرنیکا اعلان

پونیت گپتا کے مطابق اگر بھارت ون ڈے ورلڈکپ جیت جاتا ہے تو وہ اپنے تمام صارفین میں 100 کروڑ بھارتی روپے تقسیم کریں گے__فوٹو: ای ایس پی این
پونیت گپتا کے مطابق اگر بھارت ون ڈے ورلڈکپ جیت جاتا ہے تو وہ اپنے تمام صارفین میں 100 کروڑ بھارتی روپے تقسیم کریں گے__فوٹو: ای ایس پی این

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے بعد آج بھارت کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہو جائے گا، اور  آج دن کے آخر میں بھارت یا آسٹریلیا میں سے کوئی ایک عالمی کرکٹ کا نیا شہنشاہ بن جائے گا۔

ایسے میں ایک بھارتی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے حیران کن اعلان کیا ہے، ستاروں سے متعلق پیشگوئیاں کرنے والی ویب سائٹ ایسٹرو ٹاک کے سی ای اور  پونیت گپتا نے بھارت کی جیت پر اپنے صارفین میں انعامی رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پونیت گپتا کے مطابق اگر بھارت ون ڈے ورلڈکپ جیت جاتا ہے تو وہ اپنے تمام صارفین میں 100 کروڑ بھارتی روپے تقسیم کریں گے۔

اس حوالے سے پونیت کی جانب سے لنکڈ ان پر پوسٹ شیئر کی گئی اور ساتھ ہی انہوں نے اس کا اعلان انسٹاگرام پر ویڈیو کے ذریعے بھی کیا۔

لنکڈ ان پوسٹ میں پونیت گپتا نے ماضی کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا 'آخری بار جب ہندوستان نے 2011 میں ورلڈ کپ جیتا تھا، میں کالج میں پڑھ رہا تھا، اور یہ میری زندگی کے خوشگوار دنوں میں سے ایک تھا'۔

ایسٹرو ٹاک کے سی ای او کے مطابق 'میں نے اپنے تمام دوستوں کے ساتھ چندی گڑھ کے قریبی کالج کے آڈیٹوریم میں میچ دیکھا، اوہ خدا، ہم سب سارا دن بہت پریشان رہے، میچ کے دن سے پہلے ہمیں اچھی طرح نیند نہیں آئی کیونکہ ہم پوری رات میچ کی حکمت عملی پر بحث کرتے رہے'۔

انہوں نے کہا 'لیکن جب ہم نے میچ جیت لیا، تو مجھے سب سے طویل عرصے تک ہنسی آتی رہی، میں نے اپنے تمام دوستوں کو گلے لگایا، ہم چندی گڑھ میں موٹر سائیکل کی سواری پر گئے اور ہر چکر پر اجنبیوں کے ساتھ بھنگڑا ڈالا، ہم نے ملنے والے سب لوگوں کو گلے لگایا'۔

پونیت گپتا نے مزید لکھا 'یہ واقعی میری زندگی کا سب سے خوشی کا دن تھا، کل رات میں سوچ رہا تھا کہ اس بار میں کیا کر سکتا ہوں، پچھلی بار میرے چند دوست تھے جن کے ساتھ میں اپنی خوشیاں بانٹ سکتا تھا، لیکن اس بار ہمارے پاس Astrotalk کے بہت سارے صارفین ہیں، اس لیے مجھے ان کے ساتھ اپنی خوشی بانٹنے کے لیے کچھ کرنا چاہیے'۔

کمپنی کے سی ای او نے کہا 'لہذا، آج صبح میں نے اپنی فنانس ٹیم سے بات کی اور وعدہ کیا کہ اگر ہندوستان ورلڈ کپ جیتتا ہے تو اپنے صارفین کو 100 کروڑ بھارتے روپے  تقسیم کروں گا'۔

مزید خبریں :