19 نومبر ، 2023
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی جبکہ واقعے میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق مقتولہ کی شناخت وزیر مائی عرف حسینہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ کا تعلق بہاولپور سے تھا جو قیوم آباد میں صہیب اور حضرت اللہ نامی افراد کے ساتھ رہتی تھی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر سے رابطہ ہوا ہے وہ بہاولپور میں رہتا ہے، مقتولہ کے شوہر کو مقدمہ درج کرانے کے لیے کراچی بلایا ہے، ورثا مقدمہ درج نہیں کراتے تو سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوگا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزم صہیب اور حضرت اللہ کی گرفتاری کے لیےکارروائی کی جارہی ہے جبکہ واقعے میں گرفتار ملزم عادل کا ابتدائی بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق عادل نے بتایا کہ میں اور حضرت اللہ جب گھر پر پہنچے تو حسینہ کا قتل ہو چکا تھا اور اس کی لاش ڈرم میں پڑی ہوئی تھی، ہم نے ڈرم کو بند کرکے لاش کو خالی پلاٹ میں پھینکا، وزیر مائی عرف حسینہ کا قتل صہیب نے کیا ہے۔