19 نومبر ، 2023
آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی کھلاڑی رو پڑے۔
اتوار کو ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی بار ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور بھارتی ٹیم ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں ناکام رہی۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیر کر ورلڈکپ 2023 کا ٹائٹل آسٹریلیا کے نام کر وا دیا۔
ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لبوشین نے 58 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔
ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑی فائنل میں ہار کے بعد رو پڑے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں فائنل میں شکست کے بعد بھارتی بولر محمد سراج کو دیگر کھلاڑیوں کو روتے ہوئے دیکھا گیا۔
بھارت کپتان روہت شرما کے آنکھوں میں بھی بظاہر آنسو دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ فائنل سے پہلے بھارت پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا، گروپ اسٹیج کے 9 میچز اور پھر سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔