19 نومبر ، 2023
اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں مزاحمتی تنظیموں کے جنگجوؤں سے لڑائی میں مزید 2 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران حماس کے جنگجوؤں کے ہاتھوں مارے جانے والے مزید 2 فوجیوں کے نام جاری کیے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اتوار کو غزہ میں زمینی آپریشن میں فرسٹ لیفٹیننٹ سمیت 2 اہلکار مارے گئے جس کے بعد دو دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے جن کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی۔
7 اکتوبر سے غزہ جنگ میں اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکتیں 383 ہوگئيں جبکہ 27 اکتوبر سے غزہ میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے 62 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ مغربی طاقتوں کی ایما پر مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیلی جارحیت مسلسل 44 ویں روز بھی جاری ہے، اسرائیل نے اسکول، اسپتال، پناہ گزین کیمپوں اور مساجد کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی بمباری سے اب تک 13000 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 5500 بچے، 3500 خواتین اور 201 طبی عملے کے ارکان شامل ہیں۔