Time 20 نومبر ، 2023
پاکستان

جسٹس مظاہر کیخلاف شکایات: سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا، کل تک ملتوی

جسٹس مظاہر نقوی کے وکیل ایڈووکیٹ خواجہ حارث کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے— فوٹو:فائل
جسٹس مظاہر نقوی کے وکیل ایڈووکیٹ خواجہ حارث کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے— فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف شکایات کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس وقت کی کمی کے باعث کل تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کونسل اجلاس تین گھنٹے جاری رہا۔

اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کے کونسل کے تین ممبران پر اعتراضات پر غور کیا گیا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس نعیم افغان پر اعتراض اٹھایا تھا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی بھی جوڈیشل کونسل اجلاس میں موجود تھے۔ 

جوڈیشل کونسل میں جسٹس مظاہر نقوی کی نمائندگی وکیل خواجہ حارث نے کی۔ 

اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔

جسٹس مظاہر نقوی کے وکیل ایڈووکیٹ خواجہ حارث کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔ 

اجلاس میں شکایت کنندگان میاں داؤد اور پاکستان بار کے نمائندگان سمیت دیگر درخواست گزاروں نے شرکت کی۔ اجلاس وقت کی کمی کے باعث کل تین بجے تک ملتوی کردیا گیا اور شکایت کنندگان کو کل دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنے خلاف ریفرنس کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کردی ہے۔

مزید خبریں :