Time 21 نومبر ، 2023
دنیا

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری: شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار 300 ہوگئی

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

غزہ میں اسرائیلی جارحیت 45 ویں روز بھی جاری ہے، بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے اسرائیلی افواج نے بلاتفریق حملوں میں سویلین رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں، اسپتالوں اور عبادتگاہوں کو بھی نہ بخشا۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میڈیا آفس کاکہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد13 ہزار 300 ہوگئی ہے۔

غزہ پٹی انتظامیہ کے میڈیا آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا میں 5 ہزار 600 بچے اور 3 ہزار 550 خواتین بھی شامل ہیں۔

غزی میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی حملوں سے زخمیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر گئی، غزہ پٹی کے 15 لاکھ شہری بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ کے انڈونیشین اسپتال پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ڈاکٹروں سمیت 12فلسطینی شہید ہوگئے۔

اس کے علاوہ اسپتال سے نکلنےکی کوشش کرنے والوں پر بھی فائرنگ کی گئی، اسرائیلی فوج نے اسپتال کا گھیراؤ شروع کردیا، اسپتال کے اندر دھویں اور بارود سے لوگوں کا دم گھٹنے لگا۔

اس سے قبل شمالی غزہ میں ہی اسرائیلی فوج الشفا اسپتال تباہ کرچکی ہے، شدید زخمی 250 افراد کو اسپتال سے نکالا نہیں جاسکا تھا۔

مزید خبریں :