Time 21 نومبر ، 2023
دنیا

غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات میں اہم پیش رفت

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ریڈ کراس کے صدر نے قطر میں حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی بھی مغویوں کے اہل خانہ سے ملاقات ہوئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ مغویوں کی واپسی میری اور جنگی کابینہ کی ذمہ داری ہے ،جب تک مغویوں کو واپس نہیں لاتے ،لڑائی بند نہیں کریں گے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یقینی بنائیں گے کہ غزہ سے مزید کوئی خطرہ پیدا نہ ہو۔

واضح رہے کہ اتوار کو امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیل اور حماس امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی کی ڈیل پر رضا مند ہوگئے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ فریقین نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں لڑائی میں 5 دن کے وقفے پر اتفاق کیا ہے۔

تاہم امریکی اخبار کی رپورٹ پر اسرائیلی حکام کی جانب سے کسی قسم کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے البتہ ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے

مزید خبریں :