21 نومبر ، 2023
سکیورٹی فورسز نے وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں الگ الگ آپریشنز کیے جس دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات علامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے جب کہ جنوبی وزیرستان کے علاقےکوٹ اعظم میں بھی آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد فورسز اور سویلینز پر حملوں میں ملوث تھے اوران سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ شمالی وزیرستان کے علاقے گھریوم میں بارودی مواد پھٹنے سے سپاہی شاہزیب شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہےکہ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔