Time 21 نومبر ، 2023
کھیل

بھارتیوں کے اوسان خطا، جمی نیشم کو آسٹریلوی کھلاڑی سمجھ کر گالیوں کی بوچھاڑ کردی

کرکٹر نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسکرین شاٹ شیئر کیے جس میں بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے انتہائی غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا گیا__فوٹو: ای ایس پی این
کرکٹر نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسکرین شاٹ شیئر کیے جس میں بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے انتہائی غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا گیا__فوٹو: ای ایس پی این

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست پر بھارتی مداحوں کے اوسان خطا ہوگئے اور انہوں نے ہر قسم کی حد پار کردی۔

اتوار کو ورلڈکپ کے مسلسل 10 میچوں میں کامیابی کے بعد فائنل میں ہار بھارتیوں سے برداشت نہیں ہورہی، سوشل میڈیا پر آسٹریلوی کھلاڑیوں سمیت ان کے اہلخانہ کو دھمکیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایسے میں بھارتی مداح نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جیمز نیشم (جمی نیشم) کو آسٹریلوی کھلاڑی سمجھ بیٹھے اور انہیں انسٹاگرام پر گالیوں بھرے پیغامات بھیجے۔

پیر کی صبح کرکٹر نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسکرین شاٹ شیئر کیے جس میں بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے انتہائی غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا گیا، جمی نیشم کے شیئر کردہ اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر خاصے وائرل ہیں۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

نیشم نے اسکرین شاٹس پر لکھا کہ ’گزشتہ رات میچ نہیں دیکھا لیکن، میرا خیال ہے آسٹریلیا جیت گیا ہے؟‘

کیوی آل راؤنڈر نے اپنی دوسری اسٹوری میں پوچھا کہ ’میں نے کیا چیز مِس کردی ہے؟‘

اس کے علاوہ کرکٹر کی جانب سے ایک میم شیئر کی گئی جس میں انہوں نے لکھا کہ 'یہ ان لوگوں کے لیے ہے جو نہیں جانتے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دو الگ الگ ممالک ہیں'۔

دوسری جانب الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے جیمز نیشم نے اس رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کھیل لوگوں کو جذباتی بناتے ہیں لیکن آپ کو اپنے غصے پر قابو رکھنا آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ایسی نفرت کہاں سے آتی ہے لیکن ان شائقین کو چاہیے کہ اپنی توانائی کسی اچھی جگہ استعمال کریں، فائنل میں آسٹریلیا ٹاس سے لے کر میچ کی آخری گیند تک بہترین ٹیم تھی اور اس بات کو سب کو تسلیم کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :