Time 22 نومبر ، 2023
پاکستان

سپریم کورٹ کا منشیات سے متعلق کیسز میں پولیس کو ماہرانہ طریقہ اختیار کرنےکا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے منشیات سے متعلق کیسز  میں پولیس اور  دیگر اداروں کو ماہرانہ طریقہ اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے  یہ  حکم  1800 گرام  چرس برآمدگی کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت میں دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے منشیات سے متعلق کیس کے حکم نامے میں اہم آبزرویشنز دیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ منشیات جیسی برائی کے دور رس اثرات ہوتے ہیں، نشے کے عادی افراد کے باعث گھر تباہ  ہوتے ہیں،علاج  سے مالی بوجھ بھی بڑھتا ہے،منشیات جیسی برائی روکنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کریں،  امیدکرتےہیں منشیات جیسی برائی کی روک تھام کے لیے تمام ادارے بہتر کام کریں گے۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ  بروقت شواہد اکھٹےکرنے سے استغاثہ اور مقدمات کی کارروائی  میں بھی بہتری آئے گی، وقت آ گیا ہےکہ  ملکی اداروں میں اختیار  رکھنے والے اپنےکام میں مہارت لائیں، منشیات سمیت دیگر کیسز  میں شواہد موبائل فون کے ذریعے فوری اکٹھےکرنےکا طریقہ کار  اپنانا چاہیے۔

 عدالت نے حکم دیا کہ  حکم نامےکی کاپی اے این ایف کے سربراہ  اور  سیکرٹری وزارت نارکوٹکس کنٹرول کو بھی بھیجی جائے، حکم نامے کی کاپی تمام آئی جیز، صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائی جائیں۔

مزید خبریں :