Time 26 نومبر ، 2023
پاکستان

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری، سردی میں اضافہ

کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں تیز بارش ریکارڈ ہوئی— فوٹو: فائل
کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں تیز بارش ریکارڈ ہوئی— فوٹو: فائل

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے بعد سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، موسم سرما کے بادل برسنے سے ہی سردی میں اضافہ ہو گیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں تیز بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا، شہر کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ادھر حیدرآباد اور اس کے گردونواح میں بھی کل دن بھر موسم ابر آلود رہا تاہم رات گئے حیدرآباد، لطیف آباد کے علاوہ جامشورو اور تھانا بولا خان میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جبکہ ٹھٹہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین اور میرپورخاص میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

ادھر شمالی بلوچستان میں شدید سرد ہوائوں کے باعث مختلف علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

پسنی شہر اور گرد و نواح میں بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ مغربی ہواؤں کی لہر جنوب مغربی بلوچستان پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

دوسری جانب کان مہتر زئی، توبہ اچکزئی اور قلات کے علاقوں میں درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، قلعہ سیف اللہ میں گرد آلود سرد ہوائیں چلنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔

ادھر بلوچستان ہی کے علاقوں گوادر، وڈھ، آواران اور چاغی سمیت صوبے کے مغربی علاقوں میں بارش اور پسنی اور ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید خبریں :