26 نومبر ، 2023
خیبرپختونخوا میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے آج ہونے والے انٹری ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔
صوبے بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالیجز میں داخلوں کیلئے آج صبح 10 بجے ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں 46 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات حصہ لیں گے۔
ٹیسٹ کیلئے صوبہ بھر میں 11 سینٹرز بنائیں گئے ہیں جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف میں دو دن کیلئے دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ٹیسٹ کی نگرانی 11 انتظامی سیکرٹریز کو سونپی ہے جبکہ ٹیسٹ کیلئے سکیورٹی پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
پشاور میں 250 جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکارامتحانی مراکز میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
پولیس کے مطابق امتحانی مراکز میں الیکٹرانک آلات کے استعمال پر پابندی ہوگی جبکہ امتحانی مواد کی ترسیل کے وقت ہر گاڑی کے ساتھ 10 پولیس اہلکار سکیورٹی پرمامور ہوں گے۔
پولیس حکام کے مطابق ہر امتحانی مرکز کے گیٹ پر 24 پولیس اہلکار اور 6 خواتین اہلکار اور ہیلتھ ورکرز تعینات ہوں گی۔ اسی طرح ہر مرکز پر روف ٹاپ پوائنٹس پر 10 سے زیادہ اہلکار تعینات ہوں گے۔
پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایم ڈی کیٹ کے شفاف انعقاد کیلئے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کررکھا ہے جبکہ ٹیسٹ کے دوران جیمرز لگا کر موبائل سگنلز بھی معطل کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ حکومت نے ستمبر میں نقل کی وجہ سے صوبے بھر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کو روک کر دوبار امتحان کرانے کا فیصلہ کیا تھا، بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے 219 امیدوار نقل کرتے پکڑے گئے تھے۔
ٹرانس پشاور کے مطابق اضافی بسیں امیدواروں کو ٹیسٹ سینٹر تک سفری سہولت دیں گی، بی آر ٹی کی اضافی بسیں آج بروز اتوار کو چلائی جائیں گی۔ کوہاٹ اڈہ، چمکنی اور حیات آباد سے امیدواروں کو یونیورسٹی اسٹیشن تک لایاجائے گا۔
یہ سہولت طلبا و طالبات کو واپسی کے لیے بھی میسر ہوگی۔