22 ستمبر ، 2023
خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ میں بلوٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کرنے کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے رپورٹ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کردی۔
خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ میں بلوٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کرنے کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ملزم ظفر محمود اور اس کا بھائی نقل کروانے کے منظم نیٹ ورک کے سرغنہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف سرکاری اداروں کے ملازمین بھی نیٹ ورک میں شامل ہیں جبکہ نیٹ ورک نے گزشتہ سال بھی ایم ڈی کیٹ اور دیگر امتحانات میں امیداروں کو پاس کروایا، پچھلے سال امتحانات میں بھی اسی طرح کی ڈیوائس استعمال کی گئی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نیٹ ورک کی جانب سے امیدواروں کو پاس کرانے کے عوض 20 سے 35 لاکھ روپے لیے جاتے تھے جبکہ ایم ڈی کیٹ میں 190 نمبرز کا ریٹ 35 لاکھ روپے مقرر تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 170 نمبرز کا ریٹ 20 لاکھ اور 180 نمبروں کا ریٹ 25 لاکھ روپے مقرر تھا۔
جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں نقل کی روک تھام اور ملزمان کو گرفت میں لانے کیلئے قوانین کو سخت کرنے کی سفارش کی ہے۔
دوسری جانب جے آئی ٹی اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔
جے آئی ٹی اجلاس میں بیشتر کمیٹی ممبرز نے آئندہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران موبائل سگنلز معطل کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ اجلاس میں اسکینڈل سے متعلق ایف آئی اے سے بھی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔