پاکستان
Time 26 نومبر ، 2023

پاکستان کو ایسا زرعی ملک بنائیں گے، دنیا دیکھے گی: جہانگیر ترین نے انتخابی منشورپیش کردیا

 
فوٹو: جہانگیر ترین انسٹاگرام
فوٹو: جہانگیر ترین انسٹاگرام

استحکامِ پاکستان پارٹی کے  پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ  پاکستان کو ایسا زرعی ملک بنائیں گے کہ دنیا آکر دیکھے گی۔

کامونکی میں استحکامِ پاکستان پارٹی کے جلسے میں  جہانگیر ترین نے انتخابی منشور پیش کردیا ۔

جہانگیر ترین نے پارٹی کا انتخابی منشورپیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کے تمام سرکاری اسکولوں کا معیار مہنگے پرائیویٹ اسکولوں جیسا بنائیں گے ، پاکستان کو ایسا زرعی ملک بنائیں گے کہ دنیا آکر دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اندھے وعدے نہیں کریں گے ، جو کہہ رہے ہیں کر کے دکھائیں گے ، نیا نہیں ، بہترین پاکستان بنائیں گے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میں سیاسی خاندان سے وابستہ نہیں ہوں،ہم غیر سیاسی لوگ تھے، اب آگے بڑھنے کا وقت ہے،ہم نے ماضی سے بہت سیکھا، اپنی محنت سے اہمانداری کے ساتھ یہاں پہنچیں ہیں، ہم جانتے ہیں ملک کو ٹھیک کرنے کا کیا طریقہ ہے۔

 استحکامِ پاکستان پارٹی کے پیٹرن اِن چیف نے کہا کہ  آپ لوگوں کی زندگی بدلے گی تو پاکستان بدلے گا، ہم تمام اسپتالوں کو ایسا بنائیں گے کہ باہر کے لوگ آکر دیکھیں گے سرکاری اسپتال کیسے ہوتے ہیں، پوری محنت کے ساتھ اپنے ٹارگٹ کو پورا کریں گے، جب تک غربت نہیں مٹائی جائے گی ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ صنعت کاری میں ایسے لوگوں کو لائیں گے جو یہاں فیکٹریاں لگائیں، سیاسی جماعتیں وعدےکرتی ہیں،لیکن ان کی نیت نہیں ہوتی پورے کرنے کی، ہم اپنے وعدے پورے کریں گے۔

اس کے علاوہ پارٹی کے صدر علیم خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ ماضی میں ہم ایک ایسی پارٹی میں گئے جو کہتی تھی نیا پاکستان بنائیں گے ، ریاستِ مدینہ کا نام لینے والوں کے کرتوت آپ کے سامنے ہیں ۔

مزید خبریں :