26 نومبر ، 2023
قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی ہے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں آج نیب کی چار ٹیمیں چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کیلئے اڈیالا جیل پہنچیں، تقریباً 10 گھنٹے سے زائد وقت تک نیب کی ٹیموں نے عمران خان سے الگ الگ تفتیش کی۔
ایک ٹیم صبح اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب محسن علی خان کی قیادت میں اڈیالہ جیل پہنچی، دوسری ٹیم دوپہر کو ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میاں عمر ندیم، تیسری ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیر اللہ کی قیادت میں جبکہ چوتھی ٹیم شام کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب عبدالرحمان کی قیادت میں اڈیالہ جیل پہنچی۔
ذرائع کے مطابق نیب کی چاروں ٹیمیں چئیرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کے بعد اڈیالا جیل سے روانہ ہوگئیں۔
القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی تفتیش کا آغاز 15 نومبر کو کیا گیا ہے، احتساب عدالت نے عمران خان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ہے اور عدالت نے نیب کو چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی اجازت بھی دے رکھی ہے۔
گزشتہ سماعت پر نیب حکام نے 25 سے 30 نکات پر مشتمل دستاویز عدالت میں پیش کی تھی جس پر عدالت سے جسمانی ریمانڈ اور تفتیش کی اجازت مانگی گئی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کل 27 نومبر کو کیس کی سماعت اڈیالا جیل میں کرینگے۔