Time 27 نومبر ، 2023
پاکستان

کراچی شاپنگ مال میں آتشزدگی، عامر نامی شہری نے بیٹے سمیت 25 افراد کی جان بچائی

کراچی کے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتشزدگی کے دوران لفٹ بند اور سیڑھیاں جل رہی تھیں تو ایسے میں محمد عامر نامی شخص نے اپنے بیٹے سمیت 25 افراد کی جان بچائی ، باپ نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر لفٹ توڑی اندر داخل ہوکر بیٹے سمیت کئی افراد کی زندگیاں بچائیں۔

گزشتہ دنوں صبح سویر ے لگنے والی آگ سے راشد منہاس روڈ پر واقع مال میں اتنا دھواں بھر گیا تھا کہ فائر بریگیڈ آپریشن کے اہلکاروں تک کو مشکل پیش آرہی تھی لیکن عامر نامی اس شخص نے نا صرف اپنے بیٹے کو بچایا بلکہ 25 لوگوں کو مزید اس بلڈنگ سے بحفاطت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

عامر فجر کے وقت اپنے بیٹے کی فون کال پر آگ کا سُن کر اس عمارت تک پہنچا اور پھر ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ مشکلات کا ذہن میں خیال بھی نہیں تھا بس فکر تھی کہ بچوں کو بحفاظت نکال لوں  پھر جب بیٹے سبحان کو دیکھا تو آنسو آگئے پھر ماں سے بات کرائی۔

عبدالسبحان دیگر دوستوں کیساتھ پلازہ کی چوتھی منزل پر موجود ایک کال سینٹر میں کام کرتا تھا۔

اس حوالے سے سبحان کا کہنا تھا کہ آگ کی جیسے ہی اطلاع ملی سب تیزی سے لفٹ کی طرف بھاگے مگر لفٹ بند تھی جس کے بعد ہم سیڑھیوں کی طرف بھاگے مگر فوراً ہی پتا چلا کہ آگ سیڑھیوں کی طرف لگی ہوئی ہے پھر ہم نے خود کو ایک شیشے کے کمرے میں بند کرلیا۔

انہوں نے بتایاکہ دھواں پھیلتا جا رہا تھا اور ہمارے لیے سانس لینا بھی دشوار ہو رہا تھا، ایسا لگ رہا تھا کہ ابھی دم گھٹ جائے گا، شیشے کے روم میں داخل ہوکر گیلے کپڑے سے چہرے ڈھانپے اور مدد کا انتظار کیا، ابو کو کال کی اور کہا کہ بابا اب ہمارے پاس وقت کم رہ گیا ہے لگتا ہے دھواں جلد جان لے لے گا۔

عامر کی طرح بہت سے شہری تھے جنہوں نے اپنی جان کی پراوہ کیے بغیر ریسکیو آپریشن میں حصہ لے کے بہت سے شہریوں کی جان بچائی۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے سد باب کیلئے متعلقہ حکام عملی اقدامات اٹھاکر مزید حادثات روکیں۔

خیال رہے کہ 25 نومبر کو کراچی کے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتشزدگی میں 11 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے اور درجنوں دکانیں جل گئیں۔

مزید خبریں :