کھیل
Time 30 نومبر ، 2023

بابر دنیا کا بہترین بیٹر، شاہین کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا: عثمان خواجہ

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد ٹیسٹ بیٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے بابر اعظم کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے جبکہ بطور اوپنر شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہو گا جس کے لیے پاکستانی ٹیم براستہ دبئی آسٹریلیا کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں بابر اعظم، سرفراز احمد، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی اور ابرار احمد کے علاوہ دیگر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل عثمان خواجہ نے لاہور ٹیسٹ میں شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے آخری ٹاکرے کو اسپرٹ آف کرکٹ کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور مقابلہ کیا، شاہین آفریدی نے تیز بولنگ کی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کی، وارنر کو آؤٹ کر کے شاہین آفریدی نے مسکرا کر ہاتھ ملایا، پاکستان اور آسٹریلیا کی گزشتہ ٹیسٹ سیریز آن اور آف دا فیلڈ دونوں اعتبار سے شاندار تھی۔

آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا اس مرتبہ پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے، پاکستان کے پاس بابر اعظم جیسا کھلاڑی ہے جس کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے، بابر اور اسمتھ کا موازنہ ایسے ہی ہے جیسے کوہلی اور اسمتھ کا موازنہ کیا جاتا ہے، عبداللہ شفیق اور امام الحق بھی بہترین بیٹرز ہیں۔

پاکستانی بولرز کے حوالے سے عثمان خواجہ نے کہا کہ شاہین آفریدی کے پاس رفتار اور سوئنگ کے لیے بہترین کلائی ہے، بطور اوپنر 145 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے شاہین آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو گا۔

آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا ہمارے پاس بھی مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ سمیت کئی اچھے نام ہیں، پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اچھی ثابت ہو گی۔


مزید خبریں :