'تہجد گزار تھی، کوئی نشہ نہیں کرتی'، نمرہ خان کا نشے کی حالت میں کار حادثے کی خبروں پر ردعمل

پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے نشے کی حالت میں گاڑی سے ہونے والے حادثے کی خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

2014 میں نمرہ خان کی گاڑی کو اسلام آباد کے قریب بدترین حادثہ پیش آیا تھا جس میں انہوں نے اپنی گاڑی سامنے کھڑی سکیورٹی ادارے کی جیپ میں دے ماری تھی۔

اس حادثے کے بعد اداکارہ چار دن تک وینٹی لیٹر پر رہیں جب کہ آپریشن کے بعد وہ 19 دن تک کوما میں رہی تھیں۔

اس ایکسیڈنٹ کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ اداکارہ نے شراب نوشی کی حالت میں گاڑی ماری جب کہ ان کے کچھ بلڈ ٹیسٹ کیے گئے۔

حالیہ پوڈکاسٹ میں نمرہ نے ان تمام افواہوں کو مسترد کردیا۔

میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی کہ حادثے کے بعد جب ان کے خون کے نمونے لیے گئے تو دیگر ٹیسٹ کے ساتھ نشے کا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

اداکارہ نے کہا تمام ٹیسٹ کی رپورٹس نے ثابت کردیا کہ میں کسی قسم کے نشے میں نہیں تھی بلکہ گاڑی چلاتے ہوئے غشی کی کیفیت طاری ہوگئی تھی جس کی وجہ سے پتہ نہیں چلا کہ کب گاڑی چلاتے چلاتے سوگئی اور سر اسٹیئرنگ پر جاگرا، ایک پیر ایکسیلیٹر پر تھا جس کی وجہ سے گاڑی کی رفتار 180 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی سکیورٹی ادارے کی جیپ سے ٹکرائی تھی، بعدازاں انہوں نے ہی انہیں ریسکیو کیا اور اسپتال لے گئے۔

نمرہ خان نے بتایا کہ اس حادثے میں ان کے جسم کی کئی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں اور آج بھی ٹانگ میں راڈ (سلاخ) ہے جس کی وجہ سے اکثر ائیر پورٹ پر مسئلہ بھی ہوتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس حادثے میں زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں اور وہ بھی اس لیے کہ اس دن سفر پر نکلنے سے قبل صدقہ دے کر نکلی تھی اسی لیے بچ گئی ورنہ ڈاکٹروں نے جواب دے دیا تھا۔

نمرہ نے مزید کہا کہ میں تہجد گزار تھی، کوئی نشہ نہیں کیا ہوا تھا نہ ہی اب کرتی ہوں، الحمداللہ، یہ تمام باتیں من گھڑت ہیں۔

واضح رہے کہ نمرہ خان اور راجا اعظم نے اگست 2020 میں سادگی سے شادی کی تھی لیکن  ان کی شادی ایک سال بھی نہ چل سکی اور اگست 2021 میں طلاق کی تصدیق کردی گئی۔

مزید خبریں :