Time 30 نومبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ کا نیا فیچر سیکرٹ کوڈ تمام صارفین کیلئے متعارف

اس فیچر سے لاک چیٹس کو زیادہ تحفظ ملے گا / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ
اس فیچر سے لاک چیٹس کو زیادہ تحفظ ملے گا / فوٹو بشکریہ مارک زکربرگ

واٹس ایپ میں ایک نئے پرائیویسی فیچر سیکرٹ کوڈ کو متعارف کرا دیا گیا ہے۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اس فیچر کو صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ کچھ ہفتے قبل اس فیچر کو واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن کا حصہ بنایا گیا تھا اور اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

سیکرٹ کوڈ بنیادی طور پر واٹس ایپ کے چیٹ لاک نامی فیچر کو مزید بہتر بنائے گا۔

واضح رہے کہ چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ صارفین اپنی لاک چیٹس کو منفرد پاس ورڈ سے تحفظ فراہم کر سکیں گے۔

اس نئے فیچر سے صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر ہوگی کیونکہ ان کی لاک کی جانے والی چیٹس سامنے نظر نہیں آئیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صارفین کی لاک چیٹس سرچ بار پر اسی وقت نظر آئیں گی جب وہ سیکرٹ کوڈ کو ٹائپ کریں گے۔

لاک چیٹس کی لسٹ نظروں کے سامنے نہیں ہوگی تو کسی صارف کے فون کو اگر کوئی اور فرد استعمال کرے گا، تو بھی اس کے لیے حساس بات چیت کو دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :