سڈنی ائیرپورٹ پر پاکستانی کھلاڑیوں کی اپنا سامان خود ٹرک پر رکھنے کی تصاویر وائرل

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

آسٹریلیا کے سڈنی ائیرپورٹ  پہنچ کر  پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کیا جس کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان شان مسعود کی قیادت میں آج صبح آسٹریلیا کے دورے پر سڈنی پہنچی تھی۔

سڈنی پہنچ کر ائیرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اپنا سامان ٹرک میں رکھ رہے ہیں۔

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیوں نے وقت بچانے کیلئے اپنا سامان خود ٹرک میں لوڈ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم سڈنی سے کینبرا پہنچے گی جہاں 2 دسمبر کو آرام کرنے کے بعد 3 دسمبر سے اپنے ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ اسکواڈ میں دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق شامل ہیں۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :