Time 01 دسمبر ، 2023
پاکستان

سائفرکیس کا ٹرائل اڈیالا جیل میں ہوگا، سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکشن دی ہے سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے: فیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کا تحریری حکم— فوٹو:فائل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکشن دی ہے سائفر کیس کا ٹرائل 4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے: فیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کا تحریری حکم— فوٹو:فائل

وزارت قانون کی جانب سے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کی۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی گئی اور دلائل دیے گئے۔ 

عدالت نے ریمارکس دیےکہ وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کا انتظار کریں، اگر نوٹیفکیشن نہ آیا تو میں ملزمان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردوں گا۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ وزارت قانون کا نوٹیفکیشن عدالت میں جمع ہو چکا ہے، کل سائفر کیس کی سماعت مقرر کی ہے، نوٹیفکیشن میں شاہ محمود قریشی کے حوالے سے بھی تحریر کیا گیا ہے۔

عدالتی عملے نے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن وکلا کو پڑھ کر سنایا۔

وکیل علی بخاری نے مؤقف اپنایاکہ ہفتے کو جیل آنا مشکل ہے کیونکہ ہمارے ٹرائل کورٹس میں مقدمات ہوتے ہیں جبکہ اسپیشل پروسیکیوٹر نے کہا کہ میں تو آج ہی اڈیالا جیل میں سماعت مقرر کرنے کے حق میں ہوں۔ 

پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سماعت 5 دسمبر کو رکھ لی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ 5 دسمبر کو سماعت رکھ لیں گے لیکن حاضری کے حوالے سے تو سماعت رکھنی ہی ہے۔

عدالت نے سائفر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی اور قرار دیا کہ ملزمان کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق درخواست پر بھی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کی جاتی ہے۔

بعدازاں آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے سائفرکیس کی آج سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو آج عدالت پیش نہیں کیا گیا، گزشتہ سماعت پرسپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل نے سکیورٹی رپورٹ جمع کروائی، عدالت نے چیف کمشنرآفس اورسپرنٹنڈنٹ جیل کو جیل ٹرائل کے انتظامات کیلئے خط لکھا۔

عدالت نے کہا ہے کہ وزارتِ قانون، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے خط کا جواب عدالت میں جمع کروادیا، 28 نومبرکے آرڈرکی روشنی میں سائفرکیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکشن دی ہے کہ سائفرکیس کا ٹرائل4 ہفتوں میں مکمل کرنا ہے۔

عدالت نے حکم دیاکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی حاضری سے متعلق سماعت کل اڈیالہ جیل میں9 بجے ہوگی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پروڈکشن سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔

مزید خبریں :