02 دسمبر ، 2023
پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری این جی او پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈویلمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع قرار دیدیا۔
پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر انتخابات میں بلے کا نشان حاصل کرنے کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے جس میں عمران خان نے حصہ نہیں لیا، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں گوہر خان بلا مقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے ایک بار پھر پارٹی انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں فری اینڈ فیئر انتخابات کی باتیں کرتی ہیں لیکن سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آتی۔
احمد بلال محبوب نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ انٹرا پارٹی انتخابات اچھے طریقے سے ہوئے ہیں، عجلت میں الیکشن کرانا پی ٹی آئی کے حق میں نہیں، مجھے لگتا ہےکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن متنازع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹرز لسٹ نہیں دی گئی، اکبر ایس بابر کو مقابلہ کرنے کا پورا موقع دیا جانا چاہیے تھا۔