Time 02 دسمبر ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کرنے کا اعلان

ہمارے جو تحفظات تھے کہ محض سلیکشن ہے وہ سچ ثابت ہوا، تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کیلئے مزید خطرات بڑھیں گے: اکبر ایس بابر— فوٹو: فائل
ہمارے جو تحفظات تھے کہ محض سلیکشن ہے وہ سچ ثابت ہوا، تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کیلئے مزید خطرات بڑھیں گے: اکبر ایس بابر— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے انٹراپارٹی الیکشن کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھاکہ آج تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن میں فراڈ ہوا، پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کی گئی، ہمارے بنیادی حقوق کو پامال کیا گیا، یہ سنگین معاملہ ہے، یہ پی ٹی آئی کے آئین کی بھی خلاف ورزی ہے، آج ثابت کیاگیاہے یہ لوگ پی ٹی آئی ورکرز کو اہمیت نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے جو تحفظات تھے کہ محض سلیکشن ہے وہ سچ ثابت ہوا، نہ ووٹر لسٹ تھی نہ ورکرز کو موقع دیا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے، یہ انٹراپارٹی انتخابات کا سارا عمل پی ٹی آئی آئین کی خلاف ورزی ہے، بندکمروں میں چندلوگ بیٹھ کر فیصلہ کررہےہیں پارٹی کی قیادت کون کرے گا، انٹراپارٹی الیکشن کے نام پر فراڈ ہوا،مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی سیاست میں ایک ڈارک چیپٹر لکھا گیا ہے، تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کیلئے مزید خطرات بڑھیں گے، فنڈنگ کا معاملہ انتہائی سنگین ہے، ہم الیکشن کمیشن کے سامنے حقائق رکھیں گے، الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھاکہ جو لوگ کرپشن کی وجہ سے پہلے ایزی لوڈ تھے وہ اب ڈاؤن لوڈ ہوگئے ہیں جو لیڈرز وکلا کی شکل میں برآمد ہوئے ہیں وہ کارکنوں کو اہمیت نہیں دیتے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔

مزید خبریں :