02 دسمبر ، 2023
سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں غیر قانونی پارکنگ کے معاملے پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک کو طلب کرلیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے غیرقانونی پارکنگ کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
عدالت عالیہ کا کہنا ہےکہ نجی افراد ٹریفک پولیس کی معاونت سے غیرقانونی پارکنگ چلا رہے ہیں، بتایا جائےکہ شہر میں غیرقانونی پارکنگ کا دھندہ کیسے چلایا جارہا ہے؟
سندھ ہائی کورٹ کا کہنا ہےکہ غیرقانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، سندھ حکومت کا کام ہےکہ پارکنگ کے معاملات کو ریگولیٹ کرے، غیرقانونی سرگرمیوں کی وجہ سے عوام متاثر ہوتےہیں۔
عدالت نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈائریکٹر ٹریفک منیجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک منیجمنٹ کے ڈی اے اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو 5 دسمبر کو طلب کرلیا۔
جسٹس ندیم اختر کا کہنا ہےکہ بتایا جائےکہ شہر میں غیرقانونی پارکنگ کا دھندہ کیسے چلایا جا رہا ہے، تمام افسران عدالت میں پیش ہوکر بتائیں کہ غیرقانونی پارکنگ کو کیسے روکا جائے، شہر میں ٹریفک کی روانی اہم مسئلہ ہے، نجی افراد ایسی جگہوں کو پارکنگ بنا کر استعمال کر رہے ہیں جس کی اجازت نہیں۔