کھیل
Time 03 دسمبر ، 2023

آسٹریلیا میں بارش اور ژالہ باری، پاکستان ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منسوخ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر سے ہوگا/ فوٹو پی سی بی سوشل میڈیا
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر سے ہوگا/ فوٹو پی سی بی سوشل میڈیا

آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا کے مانوکا اوول اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن بارش اور  ژالہ باری کی نذر ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے اور قوم ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل کینبرا میں آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر سے ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ میچ سے قبل قومی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منسوخ ہو گیا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس کے اکاؤنٹ پر اس حوالے سے مانوکا اوول اسٹیڈیم کی تصویر شیئر کی گئی جس میں اسٹیڈیم کو سفید چادر اوڑھے دیکھا جا سکتا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن بارش اور ژالہ باری کے باعث منسوخ ہو گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔


مزید خبریں :