03 دسمبر ، 2023
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر غزہ پٹی میں بمباری بند نہ ہوئی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسکائی نیوز العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کوپ 28 کےکامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کوپ 28 میں 30 ارب ڈالرز کے فنڈز کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے، دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
نگران وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے نقصان ہوا، یو اےای کے اربوں ڈالر کے اعلان سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اسرائیل فلسطین جنگ پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ غزہ پٹی میں بمباری بند نہ ہوئی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے ۔ شاید پھر سرحدی بندشیں بھی ختم ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر دو ریاستی حل کا حامی ہے ۔
انٹرویو میں وزیراعظم نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان تارکین کی واپسی سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی، سماجی اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے غیر قانونی تارکین کی واپسی کا فیصلہ کیا ہے ۔