Time 04 دسمبر ، 2023
دنیا

بھارت: ریاستی انتخابات میں بے جے پی نے چار میں سے تین ریاستوں میں کامیابی سمیٹ لی

مدھیہ پردیش،چھتیس گڑھ،تلنگانہ اور راجستھان میں نتائج کا باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا— فوٹو: فائل
مدھیہ پردیش،چھتیس گڑھ،تلنگانہ اور راجستھان میں نتائج کا باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا— فوٹو: فائل

بھارت کی چار اہم ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں تین ریاستوں میں مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے فتح سمیٹ لی کانگریس کے حصے میں صرف ایک ریاست آئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق غیر سرکاری نتائج کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بے جے پی کامیاب رہی جبکہ تلنگانہ میں اپوزیشن جماعت کانگریس نے کامیابی حاصل کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں 230 میں سے 163 نشستوں پر بے جے کامیاب رہی اور 66 پر کانگریس نے فتح حاصل کی جبکہ دیگر کے حصے میں صرف ایک نشست آئی، 2018 کے انتخابات میں بے جے پی نے 109 اور کانگریس نے 114 نشستیں حاصل کی تھیں۔

ریاست راجستھان کی 199 نشستوں میں سے 115 نشستوں پر بے جے پی کامیاب جبکہ کانگریس نے 70 اور دیگر امیدواروں نے 14 نشستیں حاصل کیں۔ 2018 میں راجھستان سے کانگریس کو 100 جبکہ بے جے پی کو 73  نشستیں مل پائی تھیں۔

چھتیس گڑھ میں 90 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بے جے پی نے 54  اورکانگریس نے 35 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ دیگر کو صرف ایک نشست حاصل ہوئی۔ 2018 میں کانگریس کو 68 جبکہ بے جے پی کو صرف 15 نشستیں ہاتھ لگی تھیں۔

فوٹو: ہندستان ٹائمز/اسکرین گریب
فوٹو: ہندستان ٹائمز/اسکرین گریب

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 119 نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں کانگریس 65 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، بھارتی راشٹرا سمیتھی (بی آر ایس) 39 اور بے جے پی صرف 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کر پائی۔

راجستھان میں 2018 کے انتخابات میں بی آر ایس نے 88 نشستیں حاصل کرکے ریاست میں حکومت بنائی تھی جبکہ کانگریس 19 نشستوں پر کامیاب رہی اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے بھی 7  نشستیں حاصل کی تھیں تاہم بی جے پی ایک بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

چاروں ریاستوں میں گزشتہ ماہ ووٹنگ ہوئی تھی، بھارت میں آئندہ برس مئی میں عام انتخابات ہونے ہیں، ریاستی انتخابات میں بے جے پی کی برتری کو 2024 کے عام انتخابات میں مودی کی مقبولیت مزید بڑھنے کا اشارہ قراردیا جارہا ہے۔

مدھیہ پردیش،چھتیس گڑھ،تلنگانہ اور راجستھان میں نتائج کا باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا۔

مزید خبریں :