04 دسمبر ، 2023
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دانیال عزیز ہمارے دوست ہیں لیکن ان کو علاقائی سیاسی ایشو کو ٹی وی پر نہیں لانا چاہیے تھا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت میں اختلاف ہوسکتا ہے لیکن آواز باہر نہیں جانی چاہیے، کوئی شکایت ہے تو حق سے کریں، پارٹی لیڈر شپ موجود ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ جن ساتھیوں نے لمبی جدوجہد کی ہے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا تاہم ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ ہی کرے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن نے پارٹی جنرل سیکرٹری احسن اقبال کے خلاف بیان دینے پر دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے مطابق شوکاز نوٹس دانیال عزیز کے 30 نومبر کے بیان پر جاری کیا گیا، شوکاز نوٹس میں دانیال عزیز سے7 دن میں تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔
دانیال عزیز نےکچھ دن قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں احسن اقبال پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے، ان کے دور میں ریکارڈ توڑ مہنگائی ہوئی، مہنگائی کی وجہ سے پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔