Time 04 دسمبر ، 2023
پاکستان

ہائیکورٹ کا نجی چینل کو عاصمہ شیرازی سے معافی مانگنے اور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

عاصمہ شیرازی چاہیں تو نجی چینل پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کر سکتی ہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ— فوٹو:فائل
عاصمہ شیرازی چاہیں تو نجی چینل پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کر سکتی ہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ— فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی ٹی وی چینل کو سینیئر صحافی عاصمہ شیرازی سے معافی مانگنے اور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد: غلط خبر نشر کرنے پر نجی چینل کو سینئر صحافی عاصمہ شیرازی سے معافی مانگنے کاحکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 14 صفحات پر مبنی فیصلہ  تحریر کیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عاصمہ شیرازی چاہیں تو نجی چینل پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کر سکتی ہیں، نجی چینل نے سپریم کورٹ کی خبر کے ساتھ غلط طور پر عاصمہ شیرازی کی تصویر بار بار نشرکی۔

فیصلے کے متن کے مطابق پیمرا قانون کے تحت چینلز کی ذمہ داری ہے کہ خبر کو درست انداز میں نشر کیا جائے اور پیمرا قانون کے مطابق کسی کے خلاف غلط، ہراسانی پر مبنی، ہتک آمیزخبرنہیں چلائی جاسکتی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ سینیئرصحافی عاصمہ شیرازی سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر نجی چینل معافی نامہ نشر کرے اور عاصمہ شیرازی کو 50 ہزار جرمانہ ادا کرے۔

دوسری جانب صحافی عاصمہ شیرازی نے اپنے حق میں آئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر تبصرے میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف میرے لیے بلکہ ان تمام صحافیوں کے لیے تاریخی ہے جنہیں آن لائن اور نجی ٹی وی چینل جیسے مین اسٹریم میڈیا پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ نجی ٹی وی چینل نے عاصمہ شیرازی کے خلاف دو روز تک غلط خبر ان کی تصاویر کے ساتھ نشر کی تھی۔

نجی ٹی وی چینل نے عمران میر اور شفقت عمران کی ایف آئی اے کی جانب سے گرفتاری پر از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر عاصمہ شیرازی سے جوڑ کر بار بار چلایا تھا۔

مزید خبریں :