نسیم شاہ کے دو بھائی بھی پاکستان کی نمائندگی کیلئے تیار

فوٹو: عبید شاہ فائل
فوٹو: عبید شاہ فائل

انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی فاسٹ بولنگ سے دھوم مچانے والے نسیم شاہ  کے دو بھائی بھی پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔

نسیم کے چھوٹے  بھائی حنین شاہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دھوم مچا رہے ہیں جبکہ پاکستان انڈر 19 میں شامل عبید شاہ کہتے ہیں کہ بھائی سے بہت کچھ سیکھا ہے خواہش ہے تینوں بھائی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں 16 سالہ عبید شاہ نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ تو نسیم شاہ کے ساتھ ہی شروع کی تھی اور اب خواہش ہے کہ اپنے بڑے بھائی کی طرح پاکستان کی نمائندگی کریں۔ 

عبید شاہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے کراچی میں بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔ 

عبید کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ہر میچ سے قبل اپنے بھائی کی ویڈیوز دیکھتے ہیں اور میچز سے قبل کنڈیشن کے بارے میں ان سے مشورہ بھی کرتےہیں، انہوں نے کہا کہ انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل بھی وہ نسیم سے مشورہ کریں گے کہ یو اے ای میں کیسے بولنگ  کرنی ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ وہ کنڈیشنز کے حساب سے بولنگ کرنا جانتے ہیں، نئے گیند سے اٹیک بھی کرسکتے ہیں جبکہ پرانے گیند سے بھی مستفید ہونے کا ہنر آتا ہے۔

ایک سوال پر عبید شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ تینوں بھائی پاکستان کی نمائندگی کریں اور محمد برادرز، الٰہی برادرز اور اکمل برادرز کی طرح اپنے نام بھی ریکارڈز درج کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں نسیم نے انہیں انجری سے بچنے کیلئے بولنگ ایکشن درست کرنے کا مشورہ دیا جس پر انہوں نے عمل کیا۔

انڈر 19 ایشیا کپ پر گفتگو کرتے ہوئے عبید شاہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس ایونٹ میں اپنا بہتر کھیل پیش کریں اور پاکستان کو سرخرو کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

مزید خبریں :