Time 05 دسمبر ، 2023
دنیا

نائیجیرین فوج کا جشن میلاد النبیﷺ کی تقریب پر ڈرون حملہ، 85 افراد شہید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نائیجیریا کی فوج نے غلطی سے جشن میلاد النبیﷺ کی تقریب پر ڈرون حملہ کردیا جس کے نتیجے میں85 افراد شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اتوار کی رات کو ریاست کدوناکی ایگابی کونسل کے علاقے میں نائیجیریا کی فوج کی جانب سے غلطی سے ڈرون حملہ اس وقت ہوا جب مقامی مسلمان حضرت محمد ﷺکے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقد کی گئی تقریب میں جمع تھے۔

حکام نے پیر کو بتایا کہ نائیجیریا کے ایک فوجی حملے جس میں باغیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا گیا لیکن وہ غلطی سے مذہبی تقریب پر گرگیا اور کم از کم 85 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اب تک 85 لاشوں کو دفنایا جا چکا ہے جبکہ دیگر افراد کی تلاش ابھی بھی جاری ہے۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نائیجیریا کے دفتر نے ڈرون حملے میں 120 افراد کے شہید ہونے کی رپورٹ دی ہےجس میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔

کدونا میں آپریشنز کے انچارج نائیجیرین آرمی ڈویژن کے سربراہ نے  پیر کو ایک سکیورٹی میٹنگ کے دوران کہا کہ ڈرون آپریشن ایک معمول کی کارروائی تھی، نائیجیریا کی فوج دہشت گردوں کے خلاف معمول کے مشن پر تھی لیکن نادانستہ طور پر اس کارروائی میں سیویلین آبادی نشانہ بن گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے درمیان نائیجیریا کی سکیورٹی فورسز کے فضائی حملوں میں سویلین آبادی کی حادثاتی طور پر  ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :